بنگلورو، 22؍ جنوری (سالارنیوز) ریاستی وزیر برائے صحت وخاندانی بہبود ڈاکٹر کے سدھاکر نے خبردار کیا کہ ڈاکٹروں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ اور ضلع پنچایت کے مشترکہ زیر اہتمام یہاں کووڈ کی وجہ سے فوت غریبی کی نچلی سطح سے تعلق رکھنے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ چیک اور سیلاب کی وجہ سے نقصان دہ خاندانوں کو معاوضہ رقم تقسیم کرنے منعقد پروگرام میں چیک تقسیم کرتے ہوئے ڈاکٹر سدھاکر نے یہ وارننگ دی۔
انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں ڈاکٹر اور طبی عملہ اپنی جان کی پروا کئے بغیر عوام کی خدمت انجام دے رہے ہیں لیکن ان پر حملوں کی وارداتیں پیش آرہی ہیں جو ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ داونگرے ضلع چنگیری تعلقہ میں ایک لڑکا کووڈ کی وجہ سے فوت ہوا لیکن اس کے گھر والوں نے ڈاکٹر پر حملہ کیا جس سے پورے ڈاکٹرس خوفزدہ ہیں ان حملہ آوروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ باگے پلی تعلقہ میں بارش سے نقصان کا سامنا کرنے والے166مستفیدین کو اے زمرہ کے تحت 4/افراد کو فی کس5لاکھ روپئے، بی زمرہ میں 77/افراد کو فی 3لاکھ اور سی زمرہ میں 88/افراد کو فی50 ہزار روپئے معاوضہ تقسیم کیاگیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس طرح کووڈ سے فوت 36/ افراد کے اہل خانہ کو جو بی پی ایل راشن کارڈ رکھتے ہیں فی کس ایک لاکھ روپئے، اے پی ایل والوں کو50 ہزار اور18 ہزار ایک علاقہ میں فصلوں کے نقصان کو تقریبا 6کروڑ 36لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیاگیا ہے۔ رکن اسمبلی ایس این سباریڈی نے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ عوام کووڈ ضوابط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے کووڈ کی تیسری لہر پر قابو پائیں۔ اس موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر آرلتا، ضلع پنچایت ڈپٹی سکریٹری شیوکمار، تحصیلدار روی، تعلقہ صحت افسر ڈاکٹر ستیہ نارائن ریڈی ودیگر حاضر رہے۔